غزہ پر اسرائیلی حملے، 24 گھنٹوں میں 140 فلسطینی جاں بحق

,

   

اسرائیل کا غزہ میں ’عربات جدعون‘ آپریشن، زمینی آپریشن میں شدت، شہیدوں میں درجنوں خاندان شامل

دیرالبلح(غزہ پٹی)۔18 مئی (ایجنسیز) غزہ پٹی میں کل رات سے اتوار کی صبح تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم140 افراد جاں بحق ہوئے۔ دواخانوں اور میڈکس نے یہ بات بتائی۔ اسرائیل نے علاقہ میں اپنی جنگ تیز کردی ہے۔ جنوبی شہر خان یونس میں اور اْس کے اطراف فضائی حملوں میں 48 جانیں گئیں۔ناصر ہاسپٹل کے بموجب بعض مکانات اور خیموں میں بنی پناہ گاہیں بھی حملوں میں کی زد میں آئیں۔ مرنے والوں میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچے ہیں۔ شمالی غزہ میں جبلیہ رفیوجی کیمپ میں بنے ایک مکان پر حملہ میں 9 افراد جاں بحق ہوئے جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔جبلیہ میں ایک اور مکان پر حملہ میں 10 افراد بشمول 7 بچو ں اور ایک خاتون کی جان گئی۔ حماس کی حکومت کے تحت کام کرنے والی سیول ڈیفنس نے یہ بات بتائی۔ ا سرائیل کی فوج نے کل رات کے حملوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ غزہ میں اسرائیل نے اپنی جنگ تیز کردی ہے۔خون خرابہ بڑھ گیا ہے۔ اسرائیل غزہ پٹی پر قبضہ کا منصوبہ رکھتا ہے۔ وہ حماس پر دباؤ بڑھانا چاہتا ہے کہ وہ اسرائیل کی شرائط پر عارضی جنگ بندی کیلئے آمادہ ہوجائے۔حماس چاہتی ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ سے پوری طرح چلی جائے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے 4 روزہ مشرقی وسطیٰ میں اسرائیل کو شامل نہیں کیا۔ وہ یہ دورہ مکمل کرکے امریکہ واپس ہوگئے۔ غزہ میں جنگ 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہوئی تھی۔اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے غزہ کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں زمینی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ یہ پیش قدمی “عربات جدعون” کے نام سے شروع کی گئی نئی فوجی مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد فلسطینی مزاحمت کو کچلنا اور غزہ پر مزید قبضہ کرنا ہے۔اسرائیلی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مہم کے تحت فوج نے غزہ کے شمالی اور جنوبی حصوں میں وسیع پیمانے پر زمینی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ ایک روز قبل ہی فوج نے فضائی حملوں میں شدت لا کر پورے محصور علاقے کو آگ و خون میں نہلا دیا تھا جس کے نتیجے میں سیکڑں افراد مارے گئے ہیں۔العربیہ اور الحدث کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی بکتر بند گاڑیاں غزہ کے شمالی علاقوں میں متعدد سمتوں سے پیش قدمی کر رہی ہیں اور راستے میں جو کچھ بھی آ رہا ہے، تباہ کیا جا رہا ہے۔فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان خلیل الدقران نے رائٹرز سے گفتگو میں بتایا کہ رات بھر جاری رہنے والے فضائی حملوں میں کم از کم 100 فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے پورے خاندان صفحہ ہستی سے مٹا دیے گئے ہیں۔

غزہ پٹی پر اسرائیلی حملوں میں 64فلسطینی جاں بحق
غزہ، 18 مئی (یو این آئی) غزہ میں سول ڈیفنس نے کہا کہ ہفتہ کو غزہ کی پٹی پراسرائیلی حملوں میں کم از کم 64 فلسطینی ہلاک ہوگئے ۔ شہری دفاع کے ترجمان محمود باسل نے بتایا کہ اسرائیلی توپ خانے نے غزہ شہر کے مشرق میں واقع شجاعیہ محلے میں اپنے گھروں تک پہنچنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں کے ایک گروپ پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں سات نوجوان ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔باسل نے کہا کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں ایک خاتون اور دو بچوں سمیت چار افراد مارے گئے ، جس میں صلاح الدین اسکول کے گیٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس میں غزہ شہر کے مغرب میں بے گھر خاندان رہائش پذیر ہیں، جب کہ پانچواں شخص شہر کے شمال میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر فضائی حملے میں مارا گیا۔ باسل کے مطابق فلسطینیوں کے اجتماع پر حملوں میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے ، جب کہ وسطی غزہ کی پٹی کے شہر دیر البلاح میں انسانی امداد کی تقسیم کے ایک گودام پر اسرائیلی فضائی حملے میں نو افراد ہلاک ہوئے ۔