غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، ہلاکتوں کی تعداد اب 34 ہزار

   

رفح کے بعض پناہ گزین کیمپوں پر بھی حملوں کی اطلاع، ظلم و تشدد کی انتہا

غزہ : رفح پر تازہ اسرائیلی حملوں میں 9 بچوں سمیت 13 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ فلسطینی حکام کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارہ میں اسرائیلی فوجیوں اور آباد کاروں کے ہاتھوں اب تک 469 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے اس ساحلی پٹی کے جنوبی شہر رفح پر کیے گئے تازہ اسرائیلی حملوں میں 9 بچوں سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ اسرائیلی حملے ایک ایسے موقع پر کیے گئے ہیں، جب امریکہ اپنے اس قریبی اتحادی کے لیے اربوں ڈالر کی اضافی فوجی امداد کی منظوری کے راستے پر گامزن ہے۔ اسرائیل رفح پر تقریباً روزانہ کی بیناد پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس شہر میں غزہ کی 2.3 ملین آبادی میں سے نصف سے زیادہ لوگوں نے پناہ لے رکھی ہے۔ امریکہ سمیت دیگر ممالک کی جانب سے رفح پر حملے میں تحمل سے کام لینے کے مطالبات کے باوجود اسرائیل نے مصر کی سرحد پر واقع رفح شہر تک اپنی زمینی کارروائی کو وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اس تازہ اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی نعشیں وصول کرنے والے کویتی ہاسپٹل کے عملے کے مطابق پہلے حملے میں ایک شخص، اس کی بیوی اور ان کا تین سالہ بچہ ہلاک ہوا۔ ہاسپٹل نے بتایا کہ ہلاک ہونے والی خاتون حاملہ تھی اور ڈاکٹر اس کے نومولود بچے کو بچانے میں کامیاب رہے۔ ہاسپٹل کے ریکارڈ کے مطابق دوسرے حملے میں 8 بچے اور دو خواتین ہلاک ہوئیں، یہ سب ایک ہی خاندان سے تھے۔ اس سے ایک رات قبل بھی رفح میں ایک فضائی حملے میں 6 بچوں سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ مقامی وزارت صحت کے حکام کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 34,000 سے زائد فلسطینی ہلاک جبکہ 77,000 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ بعض پناہ گزین کیمپوں پر بھی اسرائیلی حملے کی اطلاع ہے۔ ان حملوں میں غزہ تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، جبکہ اس کی تقریباً 80 فیصد آبادی اپنے گھر بار چھوڑ کر محصور ساحلی انکلیو کے دوسرے حصوں میں جا چکی ہے، جو ماہرین کا کہنا ہے کہ قحط کے دہانے پر ہے۔ یہ جنگ اس وقت شروع ہوئی تھی جب فلسطینی عسکریت پسند گروہوں حماس اور اسلامی جہاد نے جنوبی اسرائیل پر 7 اکتوبر کو ایک دہشت گردانہ حملہ میں 1200 سے زائد اسرائیلیوں کو ہلاک کر دیا تھا، جن میں زیادہب تر تعداد عام شہریوں کی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ حملہ آور تقریبآ 250 افراد کو یرغمال بنا کر اپنے ہمراہ غزہ لے گئے تھے، جہاں اب بھی ان میں سے ایک سو کے قریب افراد قید ہیں۔ اپنے ساتویں مہینے میں داخل ہو نے والے اس تنازعہ نے وسیع علاقائی بدامنی کو جنم دیا ہے، جس نے اسرائیل اور امریکہ کوایران اور مشرق وسطیٰ میں اس کے اتحادی عسکریت پسند گروپوں کے خلاف لا کھڑا کیا ہے۔ اسرائیل اور ایران نے اس ماہ کے شروع میں ایک دوسرے پر براہ راست حملے کیے تھے، جن سے ان دونوں دیرینہ دشمن ممالک کے مابین جنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔