غزہ پر اسرائیلی حملے رکوانے کا عالمی برادری سے مطالبہ

,

   

او آئی سی کے ورچول ہنگامی اجلاس سے محمود قریشی کا خطاب

اسلام آباد: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے غزہ میں اسرائیلی حملوں پر آج ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا جو مشرق وسطیٰ ممالک کی جانب سے اس تنازعہ کے خلاف پہلی بڑی پیشرفت ہے۔ 57 ممالک پر مشتمل ایک تنظیم نے اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہیکہ فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری غزہ پر اسرائیلی حملے رکوانے میں اہم رول ادا کرے۔ سعودی عرب کی میزبانی میں غزہ کی کشیدہ صورتحال پر مسلم ممالک کی تعاون تنظیم او آئی سی کا ورچوئل اجلاس کافی اہمیت کا حامل ہے، جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ ہنگامی اجلاس میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم، القدس شریف اور مسجد الاقصیٰ کی بیحرمتی کے معاملے پر غور کیا گیا۔ محمود قریشی نے او آئی سی کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوجی نہتے فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کر رہی ہے، فلسطینیوں پر مظالم انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔اجلاس میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آبادیوں میں توسیع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے، عالمی برادری فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا غیرقانونی استعمال رکوائے، غزہ پر بمباری فوری طور پر رکوائی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی اسرائیلی جارحیت رکوانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے۔ فلسطین کے وزیرخارجہ مالکی نے اسرائیل کے حملوں کو بزدلانہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ سے انہیں اسرائیل کے قبضہ کا سامنا ہے جو مسئلہ کی اصل بنیاد ہے۔ ترکی کے وزیرخارجہ نے بھی ایسی ہی خیالات کا اظہار کیا۔ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے فلسطینیوں کے قتل عام کیلئے اسرائیل کی شدید مذمت کی۔