تل ابیب : 3ستمبر ( ایجنسیز ) اسرائیل کے ریزرو فوجیوں نے غزہ میں نیتن یاہو کی جنگ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ڈیوٹی پر آنے سے انکار کر دیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق منگل کو سیکڑوں اسرائیلی ریزرو فوجیوں نے اعلان کیا ہے کہ اگر انہیں غزہ سٹی پر قبضے کی کارروائی کے لیے طلب کیا گیا تو وہ ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوں گے۔ریزرو فوجیوں نے تل ابیب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیتن یاہو کی غیرقانونی جنگ میں شامل ہونے سے انکار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم 365 سے زائد فوجی ہیں اور یہ تعداد بڑھ رہی ہے، جنہوں نے جنگ کے دوران خدمات انجام دیں لیکن اب اعلان کرتے ہیں کہ دوبارہ بلائے جانے پر ہم ڈیوٹی پر رپورٹ نہیں کریں گے۔ ریزرو فوجیوں کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کی اس جنگ میں حصہ لینے سے انکار کرتے ہیں اور اسے اپنا محب وطن فریضہ سمجھتے ہیں کہ ہم انکار کریں اور اپنے رہنماؤں سے جواب طلب کریں۔
اسرائیلی ڈرونز کی لبنان میں اقوام متحدہ
امن فورس پر حملے کی کوشش
بیروت : 3ستمبر ( ایجنسیز ) لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس نے کہا ہے کہ اسرائیلی ڈرون طیاروں نے منگل کی صبح اقوام متحدہ کے موقف تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں مصروف امن دستوں کے قریب چار دستی بم گرائے۔عبوری فورس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ گزشتہ نومبر میں جنگ بندی کے معاہدے کے بعد سے ہمارے اہلکاروں اور اثاثوں پر ہونے والے سب سے سنگین حملوں میں سے ایک ہے۔ایک دستی بم 20 میٹر اور تین اقوام متحدہ کے اہلکاروں اور گاڑیوں کے تقریبا 100 میٹر کے احاطے میں گرائے گئے۔عبوری فورس نے کہا کہ اسرائیلی فوج کو مروہین گاؤں کے جنوب مشرق میں سڑک کی صورتحال کے بارے میں پیشگی اطلاع دے دی گئی تھی۔ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر لبنان میں متعین امن مشن میں 2026 کے آخر تک توسیع کر دی تھی جس کے بعد ایک سال کا منظم اور محفوظ انخلا شروع ہو جائے گا۔ 1978 میں قائم ہونے والا یو این آئی ایف آئی ایل اسرائیل کے ساتھ لبنان کی جنوبی سرحد پر گشت کرتا ہے۔