غزہ پر ایٹم بم گرانا خارج از امکان نہیں:اسرائیلی وزیر

   

یروشلم:انتہا پسند اسرائیلی وزیر امیچائی ایلی یاہونے کہا ہے کہ غزہ پر ایٹم بم گرانا خارج از امکان نہیں۔ تفصیلات کے مطابق انتہا پسند اسرائیلی وزیر نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ غزہ پر ایٹم بم گرانے پر غور کیا جاسکتا ہے اور غزہ سے فلسطینیوں کو نکال کر وہاں اسرائیلیوں کو آباد کرنا چاہیے۔اسرائیلی وزیر کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو صحرا سینا یا آئرلینڈ بھیج دیا جائے اور فلسطین کا پرچم اٹھانے والوں کا اس زمین پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔انتہا پسند اسرائیلی وزیر کے اس بیان سے اسرائیلی حکومت اور اپوزیشن بھی پریشان ہو گئے ہیں۔اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے وزیر کو کابینہ اجلاسوں میں شرکت سے روک دیا اور ایٹم بم کے استعمال کے بیان کو حقیقت کے منافی قرار دیا ہے۔تنقید کے بعد جنونی وزیر بھی بیان سے پھر گیا اور کہا کہ اس نے بطور استعارہ یہ بات کہی تھی۔اسرائیلی وزیر نے حماس کے خلاف ہر ممکن طاقت کے استعمال پر زور دیا ہے۔