غزہ، 31 اگست (یو این آئی) غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 57 فلسطینیوں کی شہادت ہوگئی۔ یہ بات فلسطینی ذرائع نے کل بتائی۔ غزہ شہری دفاع کے ترجمان محمود بسل نے بتایا کہ غزہ شہر میں دو اپارٹمنٹس اور فلسطینیوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں دو بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے ۔ بسل نے کہا کہ شہر کے مغرب میں الرمل محلے میں رہائشی اپارٹمنٹس اور ایک طبی کلینک پر مشتمل تین منزلہ عمارت پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم سات افراد ہلاک اور بچوں سمیت متعدد دیگر زخمی ہوئے ۔ بسل نے کہا کہ شہر کے شمال مغرب میں نصر محلے میں بے گھر لوگوں کے خیموں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں پانچ خواتین اور پانچ بچوں سمیت بارہ افراد ہلاک ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ فضائی حملوں میں کئی خیمے تباہ ہوگئے اور کچھ میں آگ لگ گئی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے جنوب میں واقع زیتون محلے پر اسرائیلی حملوں میں چھ افراد مارے گئے ۔ فلسطینی سکیورٹی ذرائع نے صبح سویرے شہر کے شیخ رضوان اور صبرا علاقوں میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی چھاپوں اور بمباری کی بھی اطلاع دی، جس کے درمیان اسرائیلی ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز نے پروازیں کیں۔ مقامی باشندوں نے زور دار دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں سنیں۔ بسل نے کہا کہ وسطی غزہ میں نوسیرت پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فضائی حملے میں ایک خاندان کے پانچ افراد ہلاک ہوئے ، جب کہ بوریج پناہ گزینوں کے کیمپ اور دیر البلاح قصبے میں دو الگ الگ اسرائیلی فضائی حملوں میں ایک بچے سمیت تین افراد مارے گئے ۔ اسی طرح جنوبی غزہ میں خان یونس کے مغرب میں بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں ایک خاتون سمیت چھ افراد شہید ہونے کی اطلااع ہے۔
انہوں نے کہا کہ شمالی غزہ میں جبالیہ کے علاقہ میں فلسطینیوں کے اجتماع پر اسرائیلی حملے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وسطی اور جنوبی غزہ میں انسانی امداد کی تقسیم کے مراکز کے باہر کھانے کے انتظار میں دس افراد اسرائیلی فائرنگ سے مارے گئے ۔