غزہ ۔یکم فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں جمعہ کو 110 سے زائد فلسطینی زخمی ہو گئے ۔فلسطین ہلال احمر سوسائٹی کے ترجمان اعرب فقہہ نے یہ اطلاع دی ۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے تجویز کردہ مغربی ایشیا امن منصوبہ کے خلاف کل مغربی کنارے میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا۔مسٹر فقہہ نے کہا مغربی کنارے میں رملہ ، انل بریچ، قلقلیہ ،جیریکو اور ہبرون میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں 110 فلسطینی زخمی ہو گئے۔ترجمان کے مطابق فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے ربڑ کی گولیوں کے ساتھ آنسو گیس کے شیل داغے گئے ۔انہوں نے کہااس کے علاوہ غزہ پٹی میں سرحد کے قریب اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں 14 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں،جن میں دس افراد ربڑ کی گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔خیال رہے گزشتہ منگل کو امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے ساتھ واشنگٹن میں اسرائیل و فلسطین کے درمیان مستقبل میں امن معاہدے کی شرائط کو مقرر کیا۔ مسٹر نیتن یاہو نے معاہدے کی حمایت کی ہے جبکہ فلسطینی سیاستدانوں نے معاہدے کی مذمت کی ہے اور اس پر عدم اتفاق کا ظہار کیا۔