نیویارک ۔ 7 اکتوبر (یو این آئی) اقوام متحدہ کے سربراہ نے منگل کو غزہ میں قید تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کے ساتھ ساتھ جنگ سے تباہ شدہ فلسطینی علاقہ، اسرائیل اور خطے میں جھڑپوں کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا۔ انٹونیو گوٹیریس نے حماس کے سات اکتوبر 2023 کے اسرائیل پر حملے کی دوسری برسی کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے ایک انسانی المیے کی مذمت کی، جو فہم سے باہر ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا، میں نے یہ بار بار کہا ہے اور آج میں اسے دوہرا رہا ہوں۔ یرغمالیوں کو رہا کریں، غیر مشروط اور فوری طور پر۔ ان کا مزید کہنا تھا، ’’سب کے لیے تکلیف کا خاتمہ کریں۔ غزہ، اسرائیل اور خطہ میں جھڑپوں کا خاتمہ ابھی کریں۔ ہمیں اب دو سال کے صدمے کے بعد امید کا انتخاب کرنا چاہیے۔ ان کے یہ بیانات ایک ایسے وقت پر سامنے آئے ہیں، جب دنیا حماس کے اسرائیل میں بڑے حملے کی دوسری برسی منا رہی ہے، جو اسرائیل کی ریاستی تاریخ کا سب سے ہلاکت خیز دن تھا۔ اس واقعہ میں فلسطینی جنگجوؤں نے غزہ پٹی اور اسرائیل کے درمیان سرحدی باڑ کو توڑ کر جنوبی اسرائیلی کمیونٹیز اور ایک میوزک فیسٹیول کے شرکاء پر آتشیں ہتھیاروں، راکٹوں اور دستی بموں سے حملہ کیا تھا۔