واشنگٹن: ٹیسلا موٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک نے کہا ہے کہ اس وقت غزہ کی پٹی کا دورہ کرنا خطرناک ہے ۔ مسک نے یہ بات حماس کے نمائندے کی جانب سے انہیں غزہ کے دورے کی دعوت دینے کے معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے منگل کے روزٹویٹر پر لکھا کہ وہاں کی صورتحال اس وقت تھوڑی خطرناک نظر آتی ہے ، لیکن مجھے یقین ہے کہ ایک طویل مدتی خوشحال غزہ تمام فریقوں کیلئے اچھا ہے ۔انہوں نے یہ تبصرہ بلومبرگ کی جانب سے کی گئی ایک پوسٹ کے جواب میں کیا۔ دراصل امریکہ کی مالیاتی، سافٹ ویئر، ڈیٹا اور میڈیا کمپنی بلومبرگ نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ حماس کے نمائندے نے مسک کو غزہ کا دورہ کرنے اور اسرائیلی بمباری سے ہونے والی تباہی کو دیکھنے کی دعوت دی ہے ۔واضح رہے کہ حماس کے سینئر حکام نے ایکس کے مالک ایلون مسک کو فلسطین میں غزہ کی پٹی کے دورے کی دعوت دی تھی تاکہ وہ آ کر اپنی آنکھوں سے اسرائیل کی جانب سے کی گئی تباہی کا نظارہ کریں۔