قاہرہ میں مختلف فلسطینی تنظیموں کے اجلاس کے بعد حماس کا اعلان
قاہرہ۔25؍اکتوبر (ایجنسیز) حماس اور دیگر فلسطینی تنظیموں نے غزہ کو ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے حوالے کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔قاہرہ میں مختلف فلسطینی تنظیموں کے اجلاس کے بعد حماس نے اعلان کیا ہے کہ یہ ملاقات قومی یکجہتی کی بحالی کیلئے ایک جامع ’قومی مکالمہ‘ کی تیاریوں کا حصہ تھی۔ غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل میں اسرائیلی رکاوٹوںکے باعث جنگ بندی معاہدہ کے 2 ہفتے بعد بھی علاقہ میں بھوک و پیاس برقرار رہی۔رفاہ بارڈر بند ہونے سے ہزاروں فلسطینی طبی امداد کے منتظر رہے، عالمی ادارہ صحت سمیت 41 تنظیموں کا کہنا ہے کہ اسرائیل قحط زدہ غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل کو دانستہ طور پر روک رہا ہے۔واضح رہے کہ ترک صدر نے امریکہ سمیت دیگر ممالک پر زور دیا ہے وہ غزہ جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں، حماس معاہدے کی پاسداری کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ اسرائیل جنگ بندی کی خلاف ورزی کررہا ہے اسے روکنے اور معاہدے کی پاسداری کیلئے امریکہ سمیت دیگر ممالک کو اسرائیل پر دباؤ ڈالنا چاہئے۔