غزہ سٹی ۔ 11 جولائی (ایجنسیز) اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے کہا ہے کہ تنظیم کی ایک ٹیم نے غزہ پٹی میں تقریباً 75 ہزار لیٹر ایندھن داخل کیا ہے۔ اقوام متحدہ نے غزہ پٹی میں ایندھن کی پہلی کھیپ کی آمد کا اعلان کیا ہے۔یہ چار ماہ سے زائد عرصہ بعد اپنی نوعیت کی پہلی کھیپ ہے۔ محصور غزہ پٹی میں انسانی بحران شدت اختیار کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے کہا یہ 130 دنوں میں اس قسم کی پہلی کھیپ ہے۔دوجاریک نے مزید کہاکہ حاصل کی گئی مقدار توانائی کی ضروریات کے ایک دن کیلئے بھی کافی نہیں ہے۔ ایندھن اب بھی کم پڑ رہا ہے اور اگر فوری طور پر بہت زیادہ مقدار میں ایندھن حاصل نہ ہوا تو مختلف خدمات بند ہو جائیں گی۔اسرائیلی حکام نے 2 مارچ سے غزہ پٹی میں ایندھن سمیت ہر قسم کی امداد کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی تھی جس کو اقوام متحدہ نے بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ یہ اقدام 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ کے دوران عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کا باعث بنا۔