غزہ کیلئے مصر سے امدادی سامان کے ٹرکوں کی روانگی شروع

,

   

قاہرہ۔27۔جولائی( ایجنسیز) مصر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق غزہ کیلئے مصر سے امدادی سامان کے ٹرکوں کی روانگی شروع ہو گئی ہے۔ میڈیا نے مصر کے ریاستی ٹیلی ویژن القاہرہ کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امدادی سامان کی ترسیل کا سلسلہ کئی ماہ کے بین الاقوامی دباؤ اور امدادی اداروں کے انتباہی بیانات کے بعد شروع ہوا ہے جن میں بتایا گیا کہ علاقے میں قحط کی سی صورت حال پیدا ہورہی ہے۔امدادی سامان کی روانگی سے چند گھٹنے قبل اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ غزہ میں امدادی سامان لے جانے والے اقوام متحدہ کے قافلوں کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے‘خصوصی راہداری’قائم کی جائے گی۔اسرائیلی فوج نے مزید کہا ہے کہ گنجان آباد علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی میں وقفہ دیا جائے گا۔ مصر اور غزہ کے درمیان رفح بارڈر کراسنگ سے القہرہ کے نمائندے نے بتایا کہ درجنوں ٹرک امداد لے کر جنوبی غزہ میں کرم ابو سالم (کرم شالوم) کراسنگ کی طرف بڑھے ہیں۔بین الاقوامی امدادی تنظیموں کا کہنا ہے کہ غزہ کے 22 لاکھ لوگ بڑے پیمانے پر بھوک کا شکار ہیں۔ اسرائیل نے مارچ میں خوراک کی تمام سپلائی منقطع کر دی تھی جس کے بعد مئی میں نئی پابندیوں کے ساتھ دوبارہ شروع کی گئی۔اسرائیلی فوج نے جاری بیان میں کہا ہے کہ بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے ساتھ مل کر فضا سے امدادی سامان کے بیگ گرائے جائیں گے جس میں آٹا، چینی اور کینڈ فوڈ شامل ہے۔فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ شمالی غزہ میں امداد سامان فضا سے گرانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔اسرئیلی فوج نے بیان میں مزید کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بھوک کی صورتحال نہیں ہے۔ ایک جھوٹی مہم کو حماس فروغ دے رہا ہے۔غزہ کی آبادی میں خوراک کی تقسیم کی ذمہ دری اقوام متحدہ اور بین الااقومی امدادی اداروں کی ہے۔ لہٰذا اقوام متحدہ اور بین الاقوامی اداروں سے توقع ہے کہ وہ امداد کی تقسیم کو بہتر بنائیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ امداد حماس تک نہ پہنچے۔