عمان : قبرص میں امدادی سامان سے بھرا ہوا ایک بحری جہاز، اس نئی سمندری راہداری کے ذریعہ غزہ جانے کیلئے تیار ہے، جس کا اعلان صدر جو بائیڈن نے اپنے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں جمعرات کو کیا تھا۔ یورپی کمشن کی صدر نے جمعہ کو کہا ہے کہ سمندری راستے سے یہ امداد فلسطینیوں کو بھیجی جا رہی ہے جو پانچ ماہ سے جاری جنگ کے باعث شدید بھوک کا شکار ہیں۔ یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے کہا کہ صدر جو بائیڈن نے قبرص سے سمندر کے راستے غزہ تک امداد پہنچانے کے جس اقدام کا اعلان کیا تھا، اس کا آغاز اتوار تک ہو جائے گا۔ امداد کی فراہمی کیلئے یہ راستہ کھلنے کے بہت قریب ہے۔
جمعہ کو قبرص میں، قبرصی صدر نیکوس کرسٹوڈولائیڈز کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، وان ڈیر لیین نے کہا کہ امداد کی فراہمی کیلئے یہ راستہ کھلنے کے بہت قریب ہے اور یہ جمعہ کو امداد کی ابتدائی لانچ کے ساتھ اتوار کو، اور یا شاید اس سے بھی پہلے ہفتہ کے روز فعال ہو جائے گا۔