غزہ کی امریکی امدادی تنظیم کے سابق سربراہ کو 12 سال قید کی سزا

   

تل ابیب : اسرائیل کا فلسطین میں کام کرنے والے امدادی کارکنوں کے خلاف ہراسانی کا سلسلہ جاری ہے اور اسی ضمن میں اسرائیلی عدالت نے غزہ میں موجود ایک بڑی امریکی امدادی ایجنسی کے سابق سربراہ کو حماس گروپ کو لاکھوں ڈالر اجراء کرنے کے جرم میں 12 سال قید کی سزا سنادی۔جنوبی اسرائیل کی بیرشیبہ ضلعی عدالت نے ورلڈ ویژن کے محمد الحلابی کو12 سال قید کی سزا سنائی ہے ۔عدالت نے جون میں قرار دیا تھا کہ محمد الحلابی فلسطینی علاقے کو کنٹرول کرنے والی تنظیم حماس کو لاکھوں ڈالر اور کئی ٹن اسٹیل غیر قانونی طور پر دینے کا مجرم ہے ۔محمد الحلابی کو جون 2016 میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسی سال اگست میں ان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔انہوں نے گزشتہ 6 برسوں کی اپنی حراست کے دوران کسی بھی بے ضابطگی اور بے قاعدگی میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے ۔حلابی کو سزا سنائے جانے کے بعد بھی ان کے وکیل نے ان کی جانب سے بے گناہی کے دعوے کو دہرایا۔ان کے وکیل مہر حنا نے کہا کہ محمد الحلابی کہتے ہیں کہ وہ بے قصور ہیں، انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا اور نہ ہی ان کے خلاف کسی غیرقانونی کام میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت ہے ۔ حنا کے مطابق اگر الحلابی نے غلط کاموں کا اعتراف کرلیا ہوتا تو انہیں رہا کر دیا جاتا لیکن انہوں نے اصرار کیا کہ سچائی کی بھی کوئی اہمیت اور قدر و قیمت ہوتی ہے ۔