لندن۔ 3 جون (ایجنسیز) برطانیہ کے وزیر اعظم کیئر اسٹامر نے اسکاٹ لینڈ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے غزہ کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں حالات ناقابل برداشت ہو چکے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ مزید سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ فلسطینی علاقے کو فوری اور بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی ضرورت ہے، کیونکہ فی الحال جو امداد فراہم کی جا رہی ہے وہ شدید حد تک ناکافی ہے اور اس کی قلت کے باعث علاقے میں تباہی کا دائرہ بڑھتا جا رہا ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آج صبح اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں امداد لینے والے فلسطینی شہریوں پر گولیاں چلائیں۔ جنوبی غزہ پٹی میں انسانی امداد کی تقسیم کے مقام پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے کم از کم 19 فلسطینی ہلاک ہو گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ مغربی رفح میں انسانی امداد کی تقسیم کے منتظر لوگوں کے ایک گروپ پر اسرائیلی گولہ باری کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہو گئے ۔