قاہرہ: غزہ کی صورتحال پر مصر کی میزبانی میں 27 فروری کو ہنگامی عرب سربراہی اجلاس منعقد ہوگا۔میڈیا کے مطابق مصری وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کا فیصلہ عرب ممالک بشمول فلسطین سے اعلیٰ سطح پر ہونے والی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب غزہ سے فلسطینیوں کی اردن اور مصر میں جبری بیدخلی کے حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ کے بیانات کے بعد مصری وزیر خارجہ بدر عبد العاطی امریکہ روانہ ہوگئے ہیں۔ اپنے دورے میں مصری وزیر خارجہ امریکی انتظامیہ اور اراکین سینیٹ سے ملاقاتیں کریں گے۔مصری وزارت خارجہ کے مطابق دورے کا مقصد دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت کو مزید فروغ دینا ہے جبکہ دورہ کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صدر ٹرمپ نے غزہ پر امریکہ کی جانب سے قبضہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لے گا، ہم اس کے مالک ہوں گے۔ جس کا مقصد اس علاقے میں استحکام لانا اور ہزاروں ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھاکہ میں غزہ میں طویل المدتی ملکیت کی پوزیشن دیکھتا ہوں، ہم غزہ کو ترقی دیں گے، علاقے کے لوگوں کے لیے ملازمتیں دیں گے ، شہریوں کو بسائیں گے۔ٹرمپ کے اعلان پر اقوام متحدہ اور دنیا کے کئی ممالک نے غزہ سے فلسطینیوں کی بیدخلی کی مخالفت کی تھی اور دو ریاستی حل پر زور دیا تھا۔حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ کے تحت یرغمالیوں کی رہائی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری طرف اقتدار سنبھالتے ہی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی غزہ سے متعلق متنازعہ بیانات دینا شروع کردیا ہے جس کی نہ صرف اقوام متحدہ بلکہ عرب ممالک کی جانب سے شدید مذمت کی جارہی ہے۔