حماس اور اسرائیل کے بیچ جاری کشیدگی سے اب تک کا سب سے بڑا جانی نقصان سامنے آیا ہے۔ فلسطینی حکومت اور حماس کا دعویٰ ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے غزہ میں واقع ایک اسپتال کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں 500 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ مہلوکین میں بچوں اور خواتین کی خاصی تعداد ہے۔ حماس کے میڈیا آفس نے غزہ کی پٹی میں الاہلی عرب اسپتال پر حملے کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسپتال میں سینکڑوں بیماروں اور زخمیوں کو رکھا گیا تھا اور اس کے ساتھ وہاں دیگر فضائی حملوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد بھی پناہ گزین تھے۔‘ حماس کے میڈیا آفس کے مطابق حملے کے بعد سینکڑوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ حملے کے بعد اسپتال کے باہر ملبہ، لاشیں اور تباہ شدہ گاڑیاں دکھائی دے رہی ہیں۔ حملے میں اسپتال کا 80 فیصد حصہ متاثر ہوا ہے اور دھماکے میں سینکڑوں افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اسپتال میں کم ازکم 4000 ہزار لوگ پناہ لئے ہوئے تھے۔