غزہ کے اسکول سے ہاتھ پاؤں بندھی 30 سے زائدنعشیں برآمد

   

غزہ : اسرائیلی فوج کا غزہ میں فلسطینیوں کا بدترین قتل عام جاری ہے، شمالی غزہ کے اسکول سے ہاتھ پاؤں بندھی 30 سے زائد نعش ملی ہیں۔فلسطینی وزارت خارجہ نے فلسطینیوں کے قتل عام کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ کے اسکول سے 30 سے زیادہ نعشیں اجتماعی قبر سے ملی ہیں، نعشوں کی آنکھوں پر پٹیاں، ہاتھ پیر بندھے ہوئے تھے، ان تمام فلسطینیوں کو تشدد کرکے قتل کیا گیا ہے۔فلسطینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ تمام شواہد ثابت کرتے ہیں اسرائیل فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے، اسرائیل غزہ میں بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ شہر کی 90 ہزارآبادی کو انخلا کا حکم دے دیا، اسرائیلی فورسز کی جانب سے ناصر اور ال امل اسپتال کا محاصرہ 10 روز سے جاری ہے۔اسپتال کے احاطے میں فائرنگ اور ڈرون حملے جاری ہیں، العودہ اسپتال پر شیلنگ بھی کی گئی، جبکہ رہائشی علاقوں پر بھی بمباری کی گئی۔اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں بھی چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے 15 فلسطینی گرفتار کرلیے ہیں۔