انقرہ ۔ 24 اگست (ایجنسیز) ترکیہ کی خاتون اول ایمن طیب اردغان نے امریکی صدر کی اہلیہ میلانیا کے نام ایک خط لکھا ہے جس کی انقرہ سے سرکاری طور پر تصدیق کر دی گئی ہے مگر ابھی وائٹ ہاؤس نے اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔اس خط میں ایمن اردغان نے میلانیا ٹرمپ کو مخاطب کر کے ان کی توجہ غزہ میں اب تک ہزاروں بچوں کے اسرائیلی ریاست کے ہاتھوں قتل ہونے کے علاوہ غزہ ہی میں ایک سو سے زائد فلسطینی بچوں کے بھوک اور قحط کے ہتھیار سے کیے گئے قتل کی طرف دلائی ہے۔ اور اس بارے میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی اہلیہ سے بات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔جمعہ کے روز ترک میڈیا میں اس بارے میں سامنے آیا ہے کہ خاتون اول نے امریکی خاتون اول کو خط لکھ کر ان کی یوکرین میں جنگ سے متاثرہ 648 بچوں کے بارے میں حساسیت ظاہر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ میلانیا ٹرمپ کی بچوں کیلئے جذبے سے متاثر ہوئی ہیں۔اسلیے چاہتی ہیں کہ میلانیا ٹرمپ اسی جذبے کا اظہار غزہ کے جنگ زدہ فلسطینی بچوں کے حق میں کریں تاکہ ان کی مزید ہلاکتوں اور ان پر مسلط کردہ جنگ اور قحط کا خاتمہ ہو سکے۔یاد رہے میلانیا ٹرمپ نے یوکرین کے 648 بچوں کیلئے رحم دلی کے انسانی جذبے کے تحت روسی صدر پوٹن کی اہلیہ کو اسی ماہ کے شروع میں ایک خط لکھا تھا۔ اسی کا ذکر کرتے ہوئے ترک خاتون اول ایمن اردغان نے لکھا ہے کہ ‘ مجھے یقین ہے کہ آپ یوکرینی بچوں کی طرح غزہ کے بچوں کیلئے اسی جذبے سے آواز اٹھائیں گی۔ بتایا گیا ہے یہ خط جمعہ کے روز ارسال کیا گیا ہے۔