غزہ کے دواخانہ میں انٹرنیٹ سرویس بحال : ایلون مسک

   

نیویارک : اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹیو ایلون مسک نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے تعاون سے ا سٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ خدمات کو غزہ کے ایک ہسپتال میں فعال کر دیا گیا ہے۔ روئٹرز کے مطابق خلیجی عرب ریاست کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے غزہ میں متحدہ عرب امارات کے فیلڈ ہسپتال کی مدد کرنے پر ارب پتی کاروباری شخصیت کا شکریہ ادا کیا جہاں بہت سے طبی مراکز تباہ ہو چکے ہیں اور ادویات کی کمی ہے۔چہارشنبہ کو ایلون مسک نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے تعاون سے غزہ کے ہسپتال میں سٹارلنک ایکٹیو ہے۔یہ اعلان اسرائیلی حکومت کی جانب سے رفح کے ایک دواخانہ میں اسٹارلنک کے استعمال کی منظوری کے پانچ ماہ بعد سامنے آیا ہے۔منگل کو مقامی افراد نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے مصر کی سرحد کے قریب رفح میں کئی مکانات کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد حماس کی آخری بٹالین کو ختم کرنا ہے۔