غزہ پٹی: فلسطینی وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے جمعرات کو کہا کہ غزہ کے باشندے آلودہ پانی پی رہے ہیں۔ جس سے غزہ کی پٹی میں صحت کا بحران مزید سنگین ہونے کا خطرہ ہے۔ جبکہ اسرائیل فلسطین تنازعہ اپنے دوسرے ہفتے میں مزید خراب ہوتا جا رہا ہے۔البزم نے وزارت داخلہ کے بیانات میں مزید کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے ہاسپٹلوں کو اب ریزرو ایندھن ختم ہونے سے خطرہ لاحق ہے۔ اس سے ایک اضافی تباہی آئے گی۔ غزہ کی پٹی میں شمال سے جنوب تک کوئی محفوظ مقام نہیں ہے۔فلسطینی وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں بے گھر لوگوں سے بھرے گھروں پر بمباری کرنے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے تاکہ سب سے زیادہ عام شہریوں کو ہلاک کیا جا سکے۔اس سے قبل آج جمعرات کو مشرقی بحیرہ روم کیلئے عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ غزہ کے ہاسپٹلوں میں لاشیں ریفریجریٹرز کی گنجائش سے زیادہ ہیں۔ اس معاملے کو ماحولیاتی آفت قرار دیا جس سے پٹی اور اس کے باہر عوامی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔احمد المنداری نے چہارشنبہ کے روز ایک میڈیا انٹرویو میں مزید کہا کہ غزہ میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں جیسے ہیضے کے پھیلنے کا خدشہ ہے کیونکہ لوگ پینے کے پانی کی کمی کے نتیجے میں آلودہ پانی استعمال کر رہے ہیں۔