غزہ سٹی : اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ کے مغربی محلّوں ‘الرمال ‘اور ‘تل الہوا’ پر بھاری بمباری کی ہے۔حملوں کے بعد متاثرہ علاقے دھوئیں کے کثیف بادلوں کی لپیٹ میں آ گئے۔اسرائیلی فوج نے کل صبح غزہ پر ہوا سے پھینکے گئے پرچوں میں علاقے میں “خطرناک جھڑپوں” کی وارننگ دی اور علاقے میں موجود فلسطینیوں سے، غزہ کے وسطی شہر ،دیر البلخ کی طرف ہجرت کا مطالبہ کیا تھا ۔ غزہ پر پھینکے گئے پرچوں پر رقم عبارت کے مطابق اسرائیلی فورسز کی طرف سے جن علاقوں کو خالی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے وہ پورے غزہ شہر پر مشتمل ہے۔واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے گذشتہ ہفتے بھی غزہ کے بعض محلّوں میں مقیم فلسطینیوں کو علاقے سے نکلنے کے لئے اعلانات جاری کئے تھے۔7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں تقریباً 1،9 ملین فلسطینی جبری نقل مکانی کر چکے ہیں۔ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے لاکھوں فلسطینی بار بار ایک طرف سے دوسری طرف دھکیلے جا رہے ہیں۔