غزہ پٹی : غزہ میں کینسر کے مریضوں کا واحد ہسپتال ‘ترکیہ۔فلسطین دوستی ہسپتال’ ایندھن کی کمیابی کے باعث بند ہو سکتا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے ترجمان طارق جساریوچ نے کہا ہے کہ غزّہ میں نظامِ صحت ، تقریباً ختم شدہ ایندھن، طبّی سامان کی کمی اور ہزاروں زخمیوں کے بوجھ کی وجہ سے، غیر معمولی دباو کا سامنا کر رہا ہے۔ ہم ان مخدوش حالات میں بھی خدمات جاری رکھنے پر غزہ کے عملہ صحت کی پیشہ وارانہ مہارت اور جرات و ہمت کی داد دیتے ہیں”۔جساریوچ نے کہا ہے کہ “ہم غزہ میں انسانی امداد پہنچانے اور امدادی عملے کی علاقے تک محفوظ رسائی کے لئے انسانی فائر بندی کی اپیل کا اعادہ کرتے ہیں”۔جساریوچ نے غزّہ میں 2 لاکھ 25 ہزار ہائپر ٹینشن کے اور 52 ہزار شوگر کے مریضوں کی طرف توجہ مبذول کروائی اور کہا ہے کہ غزّہ میں کینسر کے مریضوں کی تعداد 9 ہزار ہے اور ہر سال 2 ہزار افراد میں کینسر کی تشخیص کی جا رہی ہے۔ علاقے میں ‘ترکیہ۔فلسطین دوستی ہسپتال’ کینسر یونٹ والا واحد ہسپتال ہے۔ ایندھن کے مسائل کی وجہ سے پہلے ہی کینسر کے مریضوں کو ناکافی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں لیکن اگر ایندھن کی ترسیل بحال نہ کی گئی تو یہ خدمات مکمل طور پر بند ہونے کا خطرہ ہے”۔