بے گناہ شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار ۔ اقوام متحدہ سے فوری مداخلت کرنے کی اپیل کی
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس ورکنگ صدر و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے مغربی ایشیا میں اسرائیل اور حماس کی جنگ میں ہزاروں شہریوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کیا ۔ غزہ کے ہاسپٹل پر بمباری کی شدت سے مخالفت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مداخلت کی اپیل کی ۔ کے ٹی آر نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل میں کہا کہ یہ جنگ انسانی بحران پیدا کررہی ہے جس میں بے گناہ شہری مارے جارہے ہیں ۔ یہ دل دہلا دینے والی بات ہے کہ گذشتہ دو ہفتوں میںجاری جھڑپوں سے 4500 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ جنگ بندی کی حمایت میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کو ہر طرح کی امداد فراہم کی جانی چاہئے ۔ بی آر ایس ورکنگ صدر نے جنگ میں شامل تمام فریقوں سے بلاامتیاز تشدد سے باز رہنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ بات چیت سے مسئلہ کو حل کرنے کی تجویز پیش کی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ فلسطینی عوام کے مطالبات کو پورا کیا جانا چاہئے ۔ اس کے علاوہ اپنے شہریوں کی سلامتی پر اسرائیل کی تشویش کو بھی دور کیا جانا چاہئے ۔ کے ٹی آر نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں فوری مداخلت کرے اور سب کے لیے قابل قبول حل برآمد کرنے کے لیے کام کریں ۔ن