وزیراعظم ، وزیر اسپورٹس، سچن تنڈولکر، ابھینو بندرا کے علاوہ ممتاز کھلاڑیوں کی مبارکباد
نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان کے لئے ٹوکیو اولمپکس میں میڈلس کا کھاتہ کھولنے والی ویٹ لفٹر نیرا بائی چانو کو مبارکباد دی جنھوں نے ویٹ لفٹنگ میں 21 سالہ قحط کو ختم کرتے ہوئے 49 کیلو گرام زمرہ میں سلور میڈل حاصل کیا۔ 26 سالہ چانو نے مجموعی طور پر 202 کیلو گرام (87+115 کیلو گرام) وزن اُٹھاتے ہوئے کرنم ملیشوری کی جانب سے 2000 ء سڈنی اولمپکس میں حاصل کردہ برونز میڈل کو سلور میڈل سے بہتر کردیا ہے۔ مودی نے اپنے پیغام میں کہاکہ نیرا بائی چانو کی اِس کامیابی نے مستقبل کی نسل کو ایک نئی راہ دکھائی ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ اولمپکس کا اِس سے بہتر آغاز کا مطالبہ نہیں کیا جاسکتا۔ علاوہ ازیں وزیر اسپورٹس انوراگ ٹھاکر اور سابق وزیر اسپورٹس کرن رجیجو نے بھی ہندوستان کو میڈل حاصل کرنے والی ویٹ لفٹر کو مبارکباد دی۔ ہندوستان کو اولمپکس میں واحد گولڈ میڈل دلوانے والے نشانہ باز ابھینو بندرا نے بھی سوشل نیٹ ورکنگ کا سہارا لیتے ہوئے نیرا بائی کو مبارکباد دی۔ انھوں نے ٹوئٹ کیاکہ بہت بہت مبارک آپ کی اِس کامیابی سے آنے والی نسل کو ایک راہ ملے گی۔ علاوہ ازیں سچن تنڈولکر، ویریندر سہواگ، وی وی ایس لکشمن اور گوتم گمبھیر کے علاوہ دیگر کئی کھلاڑیوں نے بھی انھیں مبارکباد دی۔ تنڈولکر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’غضب بھارتی ناری سب پر بھاری‘‘۔