غفاری کی تباہ کن بولنگ ،افغانستان نے افریقہ کو شکست دی

   

کمبرلے ۔18جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان جنوبی افریقہ کو افغانستان نے سخت جھٹکا دیا۔ میزبان ٹیم 7 وکٹوں سے شکست کھاگئی۔ افغانستان کے لیگ بریک گگلی بولر شفیق اللہ غفاری نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ اس ایونٹ کی تاریخ میں کسی بھی ا فغان بولرکی بہترین بولنگ جبکہ انڈر19 تاریخ کی یہ 7ویں مشترکہ بہترین بولنگ ہے۔ کمبرلے میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو غلط ثابت ۔ہوازی 38 اور لیوک بیوفورٹ 25 کے سوا کوئی بھی بیٹسمین دہرے ہندسے میں اسکور نہ کرسکا اور ساری ٹیم 129 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔افغانستان کے اسپنر شفیق اللّٰہ غفاری نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 15 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کوآوٹ کیا، جبکہ فضل حق اور نور احمد نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں افغانستان کو پہلا نقصان 26 رنز پر اٹھانا پڑا، فرحان زاخیل 11 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ عمران نے ابراہیم زدران کے ساتھ مل کر عمدہ شراکت بنائی او80 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 106رنز تک پہنچادیا۔عمران 57 رنز بنائے۔ اسکور میں صرف 22 رنز کے اضافے پر زدران بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ افغانستان نے 25 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرکے انڈر19 ورلڈکپ میں اپنی مہم کا آغاز جیت کے ساتھ کیا۔افغانستان کے شفیق اللّٰہ غفاری کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔