غلام نبی آزاد بی جے پی کے وفادار سپاہی :جے رام رمیش

   

نئی دہلی: کانگریس سے مستعفی قد آور لیڈر غلام نبی آزاد نے اپنی نئی پارٹی بنانے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے استعفیٰ کے بعد سے کانگریس لیڈران مسلسل ان پر حملہ کر رہے ہیں۔کانگریس غلام نبی آزاد کو بھارتیہ جنتا پارٹی کا ہمدرد کہہ رہی ہے۔ اسی دوران پارٹی کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے غلام نبی آزاد پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بی جے پی کے وفادار سپاہی بن گئے ہیں۔دراصل وزیر اعظم نریندر مودی سے ڈرنے کے سوال پر غلام نبی آزاد نے کہا کہ وہ کسی سے نہیں ڈرتے لیکن ذاتی طور پر کسی پر تنقید کرنے سے گریز کرتے ہیں۔اس بیان کے دوران انہوں نے راہول گاندھی کا نام بھی لیا۔غلام نبی آزاد نے کہا کہ راہول گاندھی کی طرح وہ کسی کو گالی نہیں دیتے۔غلام نبی آزاد کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ موسم بدل گیا ہے اور اب یہ لوگ بی جے پی کے وفادار سپاہی بن چکے ہیں۔اس سے قبل صحافی سے بات کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے کیوں ڈریں؟۔وزیراعظم کے سامنے بیٹھ کر سات سال تک راجیہ سبھا میں تقریر کی۔ انہوں نے کہا کہ میں راہول گاندھی کی طرح کسی کو گالی نہیں دیتا بلکہ پالیسی پر بات کرتا ہوں۔