غلام نبی آزاد کانگریس کو کمزور کرنے کی سازش کا شکار

   


چار دہوں تک اہم عہدوں پر فائز، کانگریس کے سینئر قائدین کی تنقید
حیدرآباد ۔26۔اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائدین نے غلام نبی آزاد کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بی جے پی حکومت کے خلاف کانگریس کی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کیلئے استعفیٰ دیا گیا اور استعفیٰ کے پس پردہ مخالف طاقتیں کارفرما ہیں۔ قائدین نے کہا کہ چار دہوں تک پارٹی اورحکومت میں اہم عہدوں پر فائز رہنے اور مختلف فائدے اٹھانے کے بعد اس طرح استعفیٰ دینا بدبختانہ ہے۔ سینئر قائدین دامودر راج نرسمہا ، محمد علی شبیر ، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، مہیش کمار گوڑ ، انجن کمار یادو ، مہیشور ریڈی ، سمپت کمار ، ملو روی اور ای انیل نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ غلام نبی آزاد نے کانگریس پارٹی کے ایک عام کارکن سے اہم ترین عہدوں تک سفر کیا۔ کانگریس پارٹی نے انہیں مرکزی وزارت ، کشمیر کے چیف منسٹر ، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور دیگر اہم عہدوں پر فائز کیا تھا ۔ ملک میں بی جے پی اور آر ایس ایس کی جانب سے مذہبی منافرت پھیلانے کی کوششوں کے دوران غلام نبی آزاد کا استعفیٰ کانگریس کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4 ستمبر کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے دہلی میں رام لیلا میدان پر مہنگائی کے خلاف احتجاج کا منصوبہ ہے، اس کے علاوہ 7 ستمبر سے راہول گاندھی بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کرنے والے ہیں۔ غلام نبی آزاد اپنے استعفیٰ کے ذریعہ کانگریس کے ان پروگراموں کو ناکام بنانے کی سازش کا حصہ ہیں۔ر