غلام نبی آزاد کا جموں پہنچنے پر شاندار استقبال

   

جموں: پارلیمان کے ایوان بالا یا راجیہ سبھا سے حال ہی میں سبکدوش ہونے والے 71 سالہ سینیئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد جمعہ کو جموں پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔سینکڑوں کی تعداد میں کانگریسی کارکن ڈھول، پھول اور ترنگے لے کر غلام نبی آزاد کا استقبال کرنے کے لئے جمعے کی صبح جموں ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے ۔ جوں ہی موصوف لیڈر ایئرپورٹ سے باہر آئے تو وہاں موجود کارکنوں نے ان کا ڈھول بجا کر، پھول پھینک کر اور ترنگے لہرا کر شاندار خیرمقدم کیا۔تاہم آزاد اپنی گاڑی میں ہی بیٹھے رہے اور ان کی گاڑیوں کا قافلہ ایئرپورٹ سے راست ان کی جموں رہائش گاہ پہنچا جہاں انہوں نے کارکنوں سے ملنا شروع کر دیا ہے ۔موصوف لیڈر نے ایئرپورٹ سے اپنی رہائش گاہ تک کے سفر کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ کوئی بھی بات چیت نہیں کی۔واضح رہے کہ غلام نبی آزاد ایوان بالا میں حزب اختلاف کے رہنما تھے ۔ اگرچہ کانگریس پارٹی نے یہ نہیں کہا ہے کہ آزاد کو دوبارہ راجیہ سبھا کا رکن بننے کا موقع دیا جائے گا یا نہیں لیکن جذباتی الوداعی تقریر سے اخذ کیا جا رہا ہے کہ اُن کو دوبارہ منتخب کیا جانا مشکل ہے ۔کانگریس کے سینیئر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ غلام نبی آزاد ہفتے کو گاندھی گلوبل فیملی کے ایک پروگرام میں شرکت کریں گے۔