انٹر میڈیٹ نتائج میں بے قاعدگیوں کا جائزہ لینے کمیٹی تشکیل : جناردھن ریڈی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( این ایس ایس ) : سکریٹری محکمہ تعلیم ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے آج کہا کہ اگر بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کا ثبوت ہو تو انٹر میڈیٹ بورڈ کے اسٹاف کے خلاف حکومت کارروائی کرے گی ۔انہوں نے بتایا کہ انٹر میڈیٹ کے نتائج میں مبینہ بے قاعدگیوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور اس میں کوتاہی اور غفلت برتنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے یہ بات ایک ایسے وقت کی جب کہ طلبہ اور اولیائے طلبہ کی جانب سے اس مسئلہ پر احتجاج کیا جارہا ہے اور پولیس نے اسٹوڈنٹ ونگ لیڈرس اور سیاسی قائدین کو دفتر انٹر بورڈ کے پاس گرفتار کیا جہاں کشیدگی پائی گئی ۔ جناردھن ریڈی نے مزید کہا کہ پرچوں کی جانچ میں غلطیوں کے مرتکب اسٹاف پر 2000 روپئے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس میں اگر ضروری ہو تو مزید اضافہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے طلبہ اور پیرنٹس سے اپیل کی کہ وہ فکر مند اور پریشان نہ ہوں کیوں کہ حکومت کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں کرے گی ۔ حکومت امتحانی پرچوں کی دوبارہ جانچ کے بعد اگر غلطیاں ثابت ہوں تو طلبہ کو فیس واپس کرنے پر غور کررہی ہے ۔ سکریٹری نے طلبہ کی جانب سے خود کشی کے راستہ کو اختیار کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انٹر میڈیٹ امتحانات اس قدر اہم نہیں ہیں کہ جو طلبہ ان میں ناکام ہوجائیں وہ خود کشی کا راستہ اختیار کریں ۔ انتہائی اقدام سے صرف مسائل میں اضافہ ہوگا ۔۔
