حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ حسینی علم کبوتر خانہ میں آج صبح اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایس ایل آر بندوق مس فائر ہونے کے نتیجہ میں ریزرو سب انسپکٹر برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق 51 سالہ بی بالیشور جو تلنگانہ اسپیشل پولیس کی دسویں بٹالین کا سب انسپکٹر تھا اور اسے اولڈ کبوتر خانہ پولیس آوٹ پوسٹ پر سیکوریٹی کیلئے تعینات کیا گیا تھا۔ بالیشور نے کل رات نائیٹ ڈیوٹی انجام دی تھی اور آج صبح اس کا ریلیور آؤٹ پوسٹ پہنچ کر وردی پہن رہا تھا کہ اچانک گولی چلنے کی آواز آئی۔ دریافت کرنے پر بالیشور انتہائی زخمی حالت میں سیکوریٹی انچارج روم میں خون میں لت پت پایا گیا اور وہاں کے سیکوریٹی عملہ نے اسے فوری دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ سرویس بندوق اتفاقی طور پر چلنے کے نتیجہ میں یہ موت واقع ہوئی ہے جبکہ ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے اور مہلوک پولیس عہدیدار کی نعش کا پوسٹ مارٹم بھی کروایا گیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ب
