انٹر میڈیٹ بورڈ کے عہدیداروں کے رویہ پر سخت اعتراض ، چیف سکریٹری کو بی جے پی کی یادداشت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی نے آج انٹر میڈیٹ نتائج میں نقائص اور بے قاعدگیوں کی عدالتی تحقیقات ہائی کورٹ کے برسر خدمت جج کے ذریعہ کروانے کا مطالبہ کیا تاکہ بے قاعدگیوں کی ذمہ داری عائد کی جاسکے ۔ جس کی وجہ ہزاروں طلبہ کا مستقبل خطرہ میں پڑ گیا ہے ۔ چیف سکریٹری کو پیش کی گئی ایک یادداشت میں صدر تلنگانہ بی جے پی یونٹ ڈاکٹر لکشمن نے سدھاکر ریڈی ، ڈاکٹر جی منوہر ریڈی بی جے پی اسٹیٹ جنرل سکریٹری ، جی بھرت گوڑ ، بی جے پی یووا مورچہ صدر اور دوسروں کے ہمراہ کہا کہ دستاویزی ثبوت کے ساتھ اخباری اطلاعات ، طلباء اور اولیاء طلباء کے احتجاج کے باوجود بورڈ کے عہدیدار اس ناکامی کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں یا چند جانچ کرنے والوں کو اس کے لیے مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ بی جے پی نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے عہدیداروں کے رویہ پر سخت اعتراض کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انٹر میڈیٹ امتحانات کے پرچوں کی جانچ میں نقائص کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے سے متعلق گورنر کے فیصلہ کی حالیہ ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ پرچوں کی جانچ کے پراجکٹس کو ایک خانگی ایجنسی ، گلوبرینا کو دے دیا گیا ۔ حالانکہ اسے اس سے متعلق درکار تجربہ نہیں ہے اور کہا جاتا ہے کہ گلوبرینا کی جانب سے استعمال کئے گئے سسٹمس میں غلطیاں ہوئیں جنہیں جے این ٹی یو کے ماہرین کی جانب سے پیشگی اطلاع کے باوجود صحیح نہیں کیا گیا ۔۔
