غوث میراں محی الدین نے ہائی کورٹ ایڈیشنل جج کا حلف لیا

   

چیف جسٹس نے چلپتی راؤ ، رام کرشنا ریڈی و پراوین کمار کو بھی حلف دلایا
حیدرآباد 31 جولائی (سیاست نیوز) چیف جسٹس تلنگانہ اپریش کمار سنگھ نے اڈیشنل ججس کے طور پر چار سینئر وکلاء کو حلف دلایا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ میں تقریب میں چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ نے سینئر ایڈوکیٹس غوث میراں محی الدین، ایس چلپتی راؤ ، وی رام کرشنا ریڈی اور جی پراوین کمار کو ہائی کورٹ ایڈیشنل ججس کے طور پر حلف دلایا۔ سپریم کورٹ کالجیم کی سفارش پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے چاروں کو دو سال مدت کیلئے مقرر کیا ۔ ایڈیشنل ججس نے انگریزی میں خدا کے نام پر حلف لیا۔ اس موقع پر تلنگانہ ہائی کورٹ کے تمام ججس موجود تھے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کیلئے ججس کی جملہ تعداد 42 الاٹ کی گئی ہے اور موجودہ ججس کی تعداد 26 ہے۔ چار اڈیشنل ججس سے ججس کی تعداد 30 ہوجائے گی۔ غوث میراں محی الدین کا تعلق حیدرآباد سے ہے ۔ 1993 میں متحدہ آندھراپردیش کی بار کونسل میں بطور ایڈوکیٹ رجسٹریشن کرایا۔ وہ بار کونسل اسٹانڈنگ کونسل کے طور پر کام کرچکے ہیں۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد وہ بار کونسل اسٹانڈنگ کونسل برقرار رہے۔ ایس چلپتی راؤ کا تعلق جنگاؤں سے ہے ۔ ۔ متحدہ آندھرابار کونسل میں 1998 سے رجسٹرڈ ہیں۔ ہائی کورٹ و رنگا ریڈی کورٹ اور سٹی سیول کورٹ میں انہوں نے خدمات انجام دیں۔ وی رام کرشنا ریڈی کا تعلق بھونگیر سے ہے۔ 1997 سے متحدہ آندھرابار کونسل سے وابستہ ہیں۔ وہ ای ڈی کے وکیل بھی رہے۔ جی پراوین کمار مرکزی حکومت کے ڈپٹی سالیسٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 1