حیدرآباد۔ 2 ستمبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے غیرقانونی آن لائن بیٹنگ ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 8 افراد کو گرفتار کرلیا اور 18 سیل فونس ، پاس بک اور اے ٹی ایم کارڈس کو ضبط کرلیا جن کی جملہ مالیت 29,81,000 روپئے بتائی گئی ہے۔ ساؤتھ زون ٹاسک فورس اور ایس آر نگر پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر ایس آر نگر میں دھاوا کیا اور اس کارروائی میں 23 سالہ جی ونئے کمار، 22 سالہ سائی وردھن گوڑ، ساکنان امیر پیٹ متوطن جگتیال، 23 سالہ ڈی راہول، 22 سالہ جشونت سمہا ساکنان پرگتی نگر متوطن پداپلی، 31 سالہ جوڈا وینو گوپال 23 سالہ کولہ رام ساکنان بیگم پیٹ متوطن جگتیال، وی آکاش، ساکن امیر پیٹ اور 22 سالہ ڈی پرنئے ساکن بیگم پیٹ کو گرفتار کرلیا جبکہ راجیش اور اسلم ساکنان کریم نگر مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق راجیش اور اسلم جو مفرور ہیں، کریم نگر سے حیدرآباد منتقل ہوئے اور خوشحال زندگی بسر کرنے کا منصوبہ بنایا، بالآخر انہوں نے غیرقانونی طور پر آن لائن سٹہ کا کاروبار شروع کردیا۔ مختلف ویب اپلیکیشنس، کھیلو گیم، کھیل اسٹار، کھیل 24، کھیلو ایکسچینج، کھیلو ریواڈس وغیرہ کے ذریعہ آن لائن سٹہ شروع کیا اور اپنے دیگر ساتھیوں جو کریم نگر، جگتیال اور پداپلی سے حیدرآباد منتقل ہوئے تھے۔ انہیں اپنی ٹولی میں شامل کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹس تیار کرلئے اور ہر ایک کیلئے ایک نمبر اور یوزر آئی ڈی جاری کیا۔ پولیس کے مطابق اس ٹولی کے 235 آئی ڈی موجود ہیں۔ ایڈیشنل ڈی سی پی اے سرینواس راؤ کی نگرانی میں اس کارروائی کو انجام دیاگیا۔ ع