غیرقانونی تبدیلی مذہب کیخلاف یوگی حکومت کا سخت موقف برقرار

   

آٹھ برسوں میں 16 افراد کو سزا سنائی گئی، چیف منسٹر یوگی کی ہدایت پر پوری ریاست میں خصوصی مہم

لکھنؤ:10جولائی(یواین آئی) غیر قانونی تبدیلی مذہب کے الزام میں جمال الدین عرف چھانگر بابا کے خلاف پولیس کاروائی اترپردیش کے لئے کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ یوگی حکومت کے ا قتدار میں آنے کے بعد غیر قانونی تبدیلی مذہب کے خلاف وقت وقت پر ایکشن ہوتا رہا ہے ۔ اس دوران پولیس، ایس ٹی ایف اور اے ٹی ایس دو درجن سے زیادہ مبینہ غیر قانونی تبدیلی مذہب کے سرغنہ اور ان کے معاونین کو گرفتار کر سلاخوں کے پیچھے ڈال چکے ہیں۔دوسری جانب محکمہ پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت میں موثر وکالت اور سائنسی شواہد کی بنیاد پر گزشتہ آٹھ برسوںمیں غیر قانونی تبدیلی مذہب میں ملوث 16 ملزمان کو سزا سنائی گئی۔ ان میں سے 12 ملزمان کو عمر قید اور 4 ملزمان کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے ملزمین پر جرمانہ بھی عائد کیا۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس راجیو کرشنا نے جمعرات کو کہا کہ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر مذہبی سماجی اتحاد کو برقرار رکھنے اور آبادی کے توازن کو بگاڑنے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پوری ریاست میں مسلسل مہم چلائی جا رہی ہے ۔ مہم کے تحت غیر قانونی تبدیلی کے ماسٹر مائنڈز کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مہم نے نہ صرف غیر قانونی تبدیل مذہب کی گہری جڑوں کو بے نقاب کیا ہے بلکہ اس نے مذہب تبدیل کرنے والے منظم گروہوں کی کمر بھی توڑ دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ سالوں میں ریاست بھر میں غیر قانونی تبدیلی مذہب کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو درجن ملزمان کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے ڈالا گیا ہے ۔ یہ ملزمان اتر پردیش کے ساتھ دہلی، مہاراشٹر، بہار، گجرات اور ہریانہ میں سرگرم تھے ۔ ان کا مقصد ملک کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنا اور اکثریتی آبادی میں مذہبی عدم توازن پیدا کرکے امن کو درہم برہم کرنا تھا۔یہ لوگ گروہ کو چلانے کے لیے اسلامک دعوۃ سنٹر (آئی ڈی سی) جیسے مراکز کا استعمال کرتے تھے ، جہاں معاشرے کے غریب، لاچار، معذور اور پسماندہ افراد کو نوکری، علاج، شادی اور پیسے کا لالچ دے کر غیر قانونی طور پر مذہب تبدیل کیا جاتا تھا۔ ساتھ ہی کچھ ملزمان کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے متاثر بھی پائے گئے ہیں۔ڈی جی پی نے کہا کہ مہم میں گرفتار ملزمان نے غیر قانونی تبدیلی کا منصوبہ بند نیٹ ورک قائم کیا تھا۔ ان کے قبضے سے 450 سے زائد غیر قانونی تبدیلی مذہب کے سرٹیفکیٹ اور بڑی مقدار میں غیر ملکی فنڈنگکے دستاویزات برآمد ہوئے ہیں۔ غیر قانونی تبدیلی کے لیے متاثرین پر ذہنی دباؤ ڈالا گیا، انہیں اسلام قبول کرنے کی ترغیب دی گئی اور بعد میں انہیں ریلیوں اور ویڈیوز کے ذریعے ماڈل بنا کر پیش کیا گیا۔ ان میں سے بہت سے ملزمان نے ایف سی آر اے کے بغیر اپنے کھاتوں میں غیر ملکی عطیات حاصل کیے تھے ، جنہیں انہوں نے غیر قانونی تبدیل مذہب کی سرگرمیوں میں استعمال کیا۔ اتنا ہی نہیں، یوگی حکومت نے عدالت میں مؤثر طریقے سے وکالت کی کہ غیر قانونی مذہب تبدیل کرنے والوں اور ان کے ساتھیوں کو سخت سزا دی جائے ۔