غیرقانونی گٹکھا اور فارن سگریٹ کی فروختگی کا شاخسانہ

   

7 افراد گرفتار، 15 لاکھ مالیاتی اشیاء ضبط، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 5 فبروری (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ زون پولیس نے غیرقانونی طور پر گٹکھا اور تمباکو اشیاء فارن سگریٹ فروخت کرنے والی دو ٹولیوں کو بے نقاب کردیا اور 7 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 15 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ انسپکٹر ساوتھ زون ٹاسک فورس رگھویندرا کی ٹیم نے بھوانی نگر اور رین بازار پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں 30 سالہ فراز الدین ساکن یاقوت پورہ، 39 سالہ ذاکر ساکن بھوانی نگر، 30 سالہ دیورام کماوت ساکن گوشہ محل، 19 سالہ سنیل کماوت ساکن گوشہ محل، 29 سالہ عبداللطیف صدیقی ساکن نواب صاحب کنٹہ کو رین بازار پولیس حدود سے گرفتار کرلیا جبکہ اس کارروائی میں مزید 6 افراد محمد علی ساکن کرناٹک، حامد ساکن معین باغ، ارشد ساکن ٹولی چوکی، واجد ساکن عیدی بازار، تنویر ساکن ہمایوں نگر، راجہ رام ساکن بیگم بازار متوطن راجستھان مفرور بتائے گئے ہیں۔ ٹاسک فورس ساوتھ زون کی جانب سے کی گئی دوسری کارروائی میں بھوانی نگر پولیس حدود سے 27 سالہ عرفان ساکن سنتوش نگر، 27 سا لہ سمیر ساکن فلک نما کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس کیس میں سلیم ساکن دودھ باؤلی، پرشوتم ساکن نارائن گوڑہ، احمد ساکن معین باغ، واجد ساکن عیدی بازار اور عتیق ساکن شاستری پورم مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے مختلف اقسام کی تمباکو اشیاء زردہ، سگریٹ، گٹکھا کو ضبط کرلیا جس کی کل مالیت 15 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ع