ممبئ 3 اگست (یو این آئی ) ممبئی سے قریب رائے گڑھ ضلع میں غیر مراٹھی باشندوں کے ذریعہ چلائے جانے والے ڈانس بار کی بڑھتی ہوئی تعداد پر مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے کے انتباہ کے بعد، پارٹی کارکنوں نے پنویل نامی علاقے میں ‘ واقع مشہور نائٹ رائڈرس’ بار میں توڑ پھوڑ کی۔اس شراب خانہ کا شمار نئی ممبئ کے نامور ڈانس بار میں ہوتاہے اس کی رقاصاؤں کی کارکردگی کا نظارہ کرنے کے لئے نہ صرف ممبئی سے ایک بڑی تعداد میں شوقین وہاں پہونچتے ہیں بلکہ گجرات کے روساء کی بھی پہلی پسند یہیشراب خانہ ہوتا ہے ۔ وہ پڑوس کی ریاست سے صرف رات گزارنے اور موج مزہ کرنے ان علاقوں کادورہ کرتے ہیں۔ ہفتہ کی رات “سیٹرڈے نائٹ “اس شراب خانہ میں ایک جشن کا ماحول ہوتا ہے ۔ راج ٹھاکرے نے ہفتے کے روز رائے گڑھ میں منعقدہ ایک پروگرام میں ڈانس بار کے معاملے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ رائے گڑھ، جو چھترپتی شیواجی مہاراج کی راجدھانی ہے ، میں بہت سارے غیر قانونی ڈانس بار ہیں، وہ بھی غیر مراٹھی لوگ چلاتے ہیں۔ان کے ریمارکس کے چند گھنٹے بعد ہی ایم این ایس کے کارکنان ‘نائٹ رائڈرس’ بار میں گھس گئے اور توڑ پھوڑ شروع کر دی۔ اس دوران کارکنوں نے ‘‘مہاراشٹر نو نرمان سینا وجے آسو’’ اور ‘‘راج صاحب ٹھاکرے یانچھا وجے آسو’ . (مہاراشٹرا نو نرمان سینا زندہ باد اور راج ٹھاکرئے صاحب زندہ باد )’ کے نعرے لگائے ۔