غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ ، دو طلباء کو ایوارڈ و انعام

   

سنگاریڈی ۔14 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) خوابوں کی تکمیل کے لیے عزم و استقامت تمام محرومیوں کو ختم کردیتی ہے اور شکوہ کی جگہ کامیابی لے لیتی ہے۔ کم وسائل و سہولتوں کے باوجود اپنا نشانہ حاصل کرنے والوں کی ایک طویل فہرست ہے اسی میں سنگاریڈی کے دو ہونہار طلباء نے بھی اپنا نام جوڑ لیا اور کامیاب کہانیوں میں اپنا نام درج کروایا ہے۔ خاک طیبہ فاونڈیشن سنگاریڈی گذشتہ برسوں سے خدمت خلق کی بہترین خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس نے ملت کے ان دو ہونہار نوجوانوں کی بر وقت امداد کرتے ہوے مستحسن اقدام کیا ہے۔ محمد عبید جن کا تعلق ظہیرآباد علاقہ سے ہے نے سرکاری کالج ٹمریز میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے نیٹ میں نمایاں کامیابی حاصل کی اور انھیں ایم بی بی ایس کورس کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں فری سیٹ حاصل ہوئی۔ محمد عبدالرحمٰن صدیق سنگاریڈی کا کمسن اُبھرتا ہوا تیراک ہے جس نے چھوٹی سی عمر میں جونیئر نیشنل چمپیئن شپ میں حصہ لیا ہے۔ انھوں نے تیراکی میں درجن سے زائد میڈلس حاصل کیا اور اسٹیٹ لیول کے علاوہ حال ہی میں بنگلور میں منعقدہ نیشنل اکواٹک چمپیئن شپ میں تلنگانہ اسٹیٹ ٹیم کی نمائندگی کی۔ ان دونوں کی اس غیرمعمولی کارکردگی پر خاک طیبہ فاونڈیشن سنگاریڈی نے فی کس 15 ہزار روپئے نقد انعام دیا ہے۔ جناب محمد محمود علی اسیر بانی و چیرمین خاک طیبہ فاونڈیشن سنگاریڈی نے کہا کہ محنت، لگن ، جستجو اور حوصلے کے ساتھ کام کرنے والوں کی ہمت افزائی ضروری ہے۔