’پرواسی بھارتیہ دیوس‘ پر منعقدہ پروگرام سے وزیراعظم کا ورچول خطاب
نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی تہذیب اور ثقافت کی بیرون ملک اپنی منفرد شناخت بنانے کے لئے بیرون ممالک میں مقیم ہندوستانیوں کی تعریف کرتے ہوئے ان سے ‘میڈ ان انڈیا’ مصنوعات کا استعمال کرنے کی آج اپیل کی تاکہ ‘برانڈ انڈیا’ کی شناخت کو مزید تقویت حاصل ہو سکے ۔‘پرواسی بھارتیہ دیوس’ پر منعقدہ ورچول پروگرام میں مودی نے کہا ‘‘ آج جب ہندوستان خود انحصار بننے کے لئے آگے بڑھ رہا ہے ، تو یہاں بھی برانڈ انڈیا کی پہچان کو مضبوط بنانے میں آپ کا کردار اہم ہے ۔ جب آپ میڈ اِن انڈیا مصنوعات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں گے ، تب آپ کے آس پاس رہنے والوں میں بھی ان پر اعتماد بڑھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ میڈ ان انڈیا مصنوعات چائے سے لے کر کپڑوں اورادویات تک کچھ بھی ہوسکتی ہیں ۔ اس سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔وزیر اعظم نے ملک میں سرمایہ کاری کرنے ، بیرون ملک کمائی گئی رقم ملک میں بھیج کر ملک کی ترقی میں تعاون دینے اور کووڈ 19 وبا کے دوران پی ایم کیئرس فنڈ میں عطیہ دینے کے کئے غیرمقیم ہندوستانیوں کی تعریف کی اور کہا کہ آج کھانا ہو یا فیشن ، خاندانی یا کاروباری اقدار ہوں ، بیرون ملک میں مقیم ہندوستانیوں نے پوری دنیا میں ہندوستانیت کی تشہیرکی ہے ۔انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت ہر وقت ، ہر لمحہ اپنے غیر مقیم ہندوستانیوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ دنیا بھر میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران بیرون ممالک میں پھنسے ہوئے 45 لاکھ سے زیادہ ہندوستانیوں کو وندے بھارت مشن کے تحت وطن لایا جا چکا ہے ۔ بیرون ممالک میں ہندوستانی برادری کو بروقت صحیح مدد ملے ، اس کے لئے ہر ممکن کوشش کی گئی ۔ اس وباء کے بیچ بھی ہندوستانیوں کے روزگار محفوظ رہے ۔ اس کے لئے سفارتی سطح پر ہر ممکن کوشش کی گئی ۔ انہوں نے کہا ‘‘خلیجی ممالک سمیت کئی ممالک سے واپس آئے ساتھیوں کے لئے ‘ا سکلڈ ورکرس ارایول ڈیٹا بیس فار اِیمپلائمنٹ سپورٹ ’کے نام سے ایک نئی پہل شروع کی گئی ۔ اس کا مقصد وندے بھارت مشن میں لوٹ رہے سکلز کی پہچان کر کے انہیں ہندوستانی اور غیر ملکی کمپنیوں سے جوڑنا ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ گزشتہ سال تمام چیلنجوں کے درمیان دنیا بھر میں مقیم ہندوستانی نژاد لوگوں ،جنہوں نے جس طرح اپنے فرائض انجام دیئے ، وہ ہندوستان کے لئے فخر کی بات ہے ۔ سماجی اور سیاسی قیادت کے لئے دنیا بھر میں ہندوستانی نژاد کے ساتھیوں پر اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا ‘‘ آپ سبھی نے وہاں ہی نہیں بلکہ ہندوستان میں ، ہندوستان کی کووڈ سے جاری لڑائی میں بھی ہر طرح کا تعاون پیش کیا ۔ پی ایم کیئرس میں آپ نے جو تعاون دیا ہے وہ ہندوستان میں طبی شعبے کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں کام آیا ہے ۔ اس کے لئے میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں ’’۔وزیر اعظم نے کہا کہ اگلا پرواسی بھارتیہ دوس آزادی کے 75 ویں سال کے جشن سے منسوب ہو گا ۔ مہاتما گاندھی ، نیتا جی سبھاش چندر بوس اور سوامی ویویکانند جیسی بے شمار عظیم شخصیات سے متاثر ہو کر ، دنیا بھر کی ہندوستانی برادری نے آزادی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ ایسے میں یہ وقت ان ساتھیوں کو، ان مجاہد آزادی کو بھی یاد کرنے کا ہے جنہوں نے ہندوستان سے باہر رہ کر ہندوستان کی آزادی کیلئے کام کیا۔