غیرملکیوں کیلئے نئے ’گرین ویزا‘ کا اعلان:یو اے ای

   

دبئی : متحدہ عرب امارات نے اتوار کو ایک نئے ویزے کا اعلان کیا جو غیر ملکیوں کو کسی آجر کے اسپانسر کیے بغیر ملک میں کام کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق اس ویزے میں رہائش کے ضوابط کو بھی نرم کیا گیا ہے تاکہ معاشی ترقی کو بڑھایا جاسکے۔تیل سے مالا مال متحدہ عرب امارات میں غیر ملکیوں کو عام طور پر صرف محدود ویزے دیے جاتے ہیں جو کہ ان کے روزگار سے منسلک ہوتے ہیں اور وہاں طویل مدت کے لیے رہائش حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے۔حکام نے بتایا کہ نئے ’گرین ویزا‘ رکھنے والے افراد کمپنی کی اسپانسرشپ کے بغیر کام کر سکیں گے اور اپنے والدین اور 25 سال تک کے بچوں کو اسپانسر کر سکتے ہیں۔اس نئی سکیم کا اعلان کرنے والے متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ثانی بن احمد الزیودی نے کہا کہ ’یہ انتہائی ہنر مند افراد، سرمایہ کاروں، کاروباری افراد، انٹرپرنیورز کے ساتھ ساتھ غیر معمولی صلاحیتیوں کے حامل طلبہ اور پوسٹ گریجویٹس کے لیے ہے۔‘خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات جیسے وسائل سے مالا مال خلیجی ممالک اب تیزی سے اپنی معیشتوں کو متنوع بنانے اور تیل پر اپنا انحصار کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔