نئی دہلی ۔13 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا نے آج ایک بل منظور کرلیا جو بھولے بھالے سرمایہ کاروں کو فرضی اسکیمات سے تحفظ فراہم کرے گا ، جیسا کہ وزیرفینانس پیوش گوئیل نے کہاکہ حکومت یقینی بنائے گی کہ قوانین وضع کرتے ہوئے کوئی نقص نہ رہنے پائے۔ غیرمنظم ڈپازٹ اسکیمات بل پر امتناع 2018 ء میں یہ گنجائش فراہم کی گئی ہے کہ ایک میکانزم قائم کیا جائے جس کے ذریعہ متاثرہ ڈپازیٹرس کے نقصان کی تلافی کی جائے ۔ اس میں اسٹانڈنگ کمیٹی برائے فینانس کی سفارشات کو شامل کیا گیا ہے ۔ اس بل پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے گوئیل نے کہاکہ غیرمجاز ڈپازٹ اسکیمات کے جملہ 978 کیسوں میں سے 326 کا تعلق مغربی بنگال سے ہے جو اس طرح کی اسکیمات کا زائد از ایک تہائی ہوتا ہے ۔ گوئیل نے کہاکہ حکومت نے تیزی سے کام کرتے ہوئے ایسی غیرمجاز ڈپازٹ اسکیموں پر روک لگادی ہے ۔ ہم نے یقینی بنایا ہے کہ کوئی نقص نہ رہنے پائے ۔ یہ بل بجٹ سیشن کے آج آخری روز مختصر بحث کے بعد ندائی ووٹ کے ذریعہ منظور کیا گیا ۔