نئی دہلی۔12 فروری ( ایجنسیز )جمعرات کو، لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی، میڈیا نمائندوں کے ساتھ اس وقت اپنے غصہ پر قابوکھو بیٹھے جب انہوں نے بجٹ اجلاس کے دوران حکمراں پارٹی کے ذریعہ ان کے خلاف ممکنہ استحقاق کی تحریک پر سوال کیا۔ صحافیوں پر طنز کرتے ہوئے راہول نے سوال کیا کہ، کیا آپ کو آج کیلئے یہ کوڈ ورڈ دیا گیا ہے؟ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ اپنے کام میں غیر جانبدار رہیں اور اپنے پیشے کے وقار کو برقرار رکھیں۔11 فروری کو راہول گاندھی نے لوک سبھا میں ایک تقریر کی جس میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور کچھ بڑے صنعت کاروں کے درمیان مبینہ روابط کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کئی الزامات لگائے جس پر کافی تنازعہ کھڑا ہوا۔ ابتدائی طور پر یہ قیاس کیا جا رہا تھا کہ حکمراں پارٹی راہول گاندھی کے خلاف تحریک استحقاق لائے گی تاہم اس بارے میں ابھی تک کوئی وضاحت نہیں ہے کہ آیا حکمران جماعت ان کے خلاف تحریک لا رہی ہے۔ اعلیٰ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک استحقاق کا امکان کم ہے بلکہ ان کی تقریر کے بعض الفاظ اور سطروں کو پارلیمانی ریکارڈ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ غیر مصدقہ تھے۔جمعرات، 12 فروری کو، جب راہول گاندھی پارلیمنٹ کے احاطے کے باہر اپنی گاڑی کی طرف پیدل جا رہے تھے صحافیوں نے ان کے خلاف ممکنہ استحقاق کی تحریک پر ردعمل جاننے کیلئے انھیں گھیر لیا۔ صحافیوں پر مزید طنزکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل لفظ ‘تصدیق’ تھا آج یہ استحقاق ہے۔ آپ کو غیر جانبداری سے کچھ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ ذمہ دار لوگ ہیں آپ میڈیا کے لوگ ہیں، آپ کی ذمہ داری غیر جانبدار ہونے چاہیے۔ آپ اس ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ کیا آپ اسے پہچان نہیں پارہے؟
راہول گاندھی کی رکنیت منسوخ کرنے نشی کانت دوبے کی تجویز
نئی دہلی۔ 12 فروری (یو این آئی) لوک سبھا میں بی جے پی کے رکن نشی کانت دوبے نے ایوان میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کی رکنیت ختم کرنے اور ان کے الیکشن لڑنے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک تجویز پیش کی ہے ۔ دوبے نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطہ میں صحافیوں سے کہا کہ راہول گاندھی نے پارلیمنٹ میں غلط الزامات لگا کر ملک کو گمراہ کرنے کا کام کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے لوک سبھا اسپیکر سے اپنی تجویز پر غور کرنے اور اسے بحث کیلئے پیش کرے تاکہ راہول گاندھی کی رکنیت ختم کی جا سکے اور ان پر تاحیات الیکشن لڑنے پر پابندی عائد ہو۔ انہوں نے الزام لگایا کہ راہول گاندھی غیر ملکی دوروں کے دوران مبینہ طور پر سوروس فاؤنڈیشن، یو ایس اے آئی ڈی اور فورڈ فاؤنڈیشن جیسی تنظیموں سے وابستہ افراد کے رابطہ میں رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ راہول گاندھی تھائی لینڈ، ویتنام اور کمبوڈیا کے دوروں کے دوران ہندوستان مخالف عناصر کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہیں۔
بی جے پی لیڈر کے مطابق انہوں نے نوٹس میں راہول گاندھی کی تقریر کے کچھ حصوں اور الفاظ کو ریکارڈ سے حذف کرنے کی بھی درخواست دی ہے ۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ راہول گاندھی نے اپنی تقریر میں غیر پارلیمانی زبان استعمال کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نوٹس لوک سبھا کے ضابطہ 380 کے مطابق دیا گیا ہے ۔