غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی

   

سکما، 14 ستمبر (یو این آئی) چھتیس گڑھ کے سکما میں ضلع انتظامیہ نے ہفتہ کے روز اسکولوں کے اچانک معائنے کے دوران غیر حاضر پائے گئے اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے ۔ضلع کلیکٹر دیویش کمار دھرُو کے احکامات پر ہونے والے اس معائنے کا مقصد تعلیمی معیار اور نظم و ضبط کو یقینی بنانا تھا۔ ضلع تعلیمی افسر جی آر منڈاوی کی قیادت میں ہونے والے معائنے میں سرکاری پوٹا کیبن بُڑدی کے دو اساتذہ، پرنسپل ٹیچر شیکھر سلام اور اسسٹنٹ ٹیچر گوٹی لال یادو کی بغیر تعطیل کے غیر حاضری پائی گئی۔ ضلع تعلیمی افسر نے فوراً دونوں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے ۔منڈاوی نے کہا کہ ”تعلیم کے معیار کو یقینی بنانا ہماری ترجیح ہے ۔ بد نظمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تسلی بخش جواب نہ ملنے پر قاعدے کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی”۔معائنہ ٹیم نے جھاپرا، بھیلواپال اور بُڑدی کے اسکولوں کا بھی جائزہ لیا، جہاں آنے والے سہ ماہی امتحان کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ جھاپرا اسکول میں ‘بیگ لیس ڈے ‘ کے موقع پر طلبہ کی تخلیقی سرگرمیوں اور بُڑدی میں صفائی ستھرائی سے متعلق بیداری پروگراموں کو انتظامیہ نے سراہا۔