موبائیل ایپ سے اندراجات ۔ حکام سروے میں مصروف
حیدرآباد۔ حکومت تلنگانہ نے میونسپل عملہ کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ ہر ہر گھر تک جائیں اور جائیداد کی تفصیلات جمع کرتے ہوئے انہیں ایک ایپ کے ذریعہ دھرانی پورٹل پر اپ ڈیٹ کیا جائے ۔ حکومت تلنگانہ نے فیصلہ کیا ہے کہ غیر زرعی اراضی ریکارڈ مالکین کے حوالے کیا جائے جسے ایک جامع ملکیت دستاویز ہوگا ۔ عہدیداروں کے بموجب تمام موجودہ جائیدادوں کو اپ ڈیٹ کرنے یہ کام کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں رجسٹریشن کو آسان کیا جاسکے ۔ پراپرٹی ٹیکس شناختی نمبر ( پی ٹی آئی این ) کی اساس پر جائیدادوں کی شناخت کی جائے گی ۔ اس مقصد کیلئے ریاست میں اضلاع کو سات یونٹوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ حکومت نے تمام غیر زرعی اراضیات جیسے مکانات ‘ زرعی کھیتوں اور کنووں کے قریب تعمیرات ‘ فارم ہاوز اور گاوں سے دور آبادیات وغیرہ کو اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں آن لائین دھرانی پورٹل میں کسی فیس کے بغیر شامل کیا جائیگا ۔ سینئر عہدیدار کی نگرانی میں تین بلدی نظم و نسق عہدیداروں کی ٹیم فیلڈ پر کام کر رہی ہے ۔ سینئر عہدیدار ایک ضلع ہیڈ کوارٹر کنٹرول روم سے ان کے کام کی نگرانی کریں گے ۔ اپ ڈیٹ کا کام مکمل ہونے کے بعد جائیداد مالکین کو میرون کلر کی پاس بک دی جائے گی جس میں تمام تفصیلات ہونگی اور کسانوں کو زرعی اراضیات کیلئے سبز رنگ کی پاس بک دی جائے گی ۔ اس ایپ میں 52 تفصیلات ہونگی جن میں مالک کا نام ‘ افراد خاندان ‘ آدھار نمبر ‘ ملکیت کی نوعیت ‘ ذات ‘ برقی ‘ آبی کنکشن وغیرہ کی تفصیل ہوگی ۔ تمام تفصیلات کو مالک جائیداد کے آدھار نمبر سے مربوط کیا جائیگا ۔