حکومت نے جواب داخل کرنے وقت مانگا، زرعی اراضیات کیلئے آدھار تفصیلات کا حصول
حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائیکورٹ نے غیر زرعی اراضیات کے دھرانی پورٹل پر رجسٹریشن کیلئے آدھار کارڈ، کاسٹ اور ارکان خاندان کی تفصیلات پیش کرنے سے متعلق احکامات پر حکم التواء میں توسیع کردی ہے۔ ہائی کورٹ نے گزشتہ سال ڈسمبر میں حکومت کے احکامات پر حکم التواء جاری کیا تھا کیونکہ ان شرائط سے عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔ عدالت نے حکومت سے استفسار کیا کہ اگر جائیداد کے مالک کی آدھار اور دیگر تفصیلات ہیک کرلی جائیں یا کسی تھرڈ پارٹی کو ہاتھ لگ جائیں تو پھر اس کے نتائج کے ذمہ دار کون ہوں گے۔ عدالت نے کہا کہ عوام سے حاصل کی جانے والی تفصیلات کے تحفظ کی کیا ضمانت ہے۔ حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں ابھی تک تفصیلی حلفنامہ داخل نہیں کیا گیا۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے حلفنامہ کے ادخال کیلئے مزید وقت مانگا جس پر عدالت نے حکم التواء میں توسیع کردی ہے۔ حکومت کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ دھرانی پورٹل پر زرعی اراضیات کے مالکین کی تفصیلات اَپ لوڈ کرنے کیلئے آدھار نمبر حاصل کیا جارہا ہے۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی کے اجلاس پر ایڈوکیٹ جنرل نے وضاحت کی کہ غیر زرعی اراضیات کیلئے آدھار تفصیلات حاصل نہیں کی جارہی ہیں۔ اس سلسلہ میں داخل کردہ مفاد عامہ کی درخواستوں کی سماعت کی گئی۔ درخواست گذاروں نے کہا کہ حکومت کسی قانونی گنجائش کے بغیر عوام سے نجی تفصیلات طلب کررہی ہے۔