چیف منسٹرکی ہدایت، ہائی کورٹ کے حکم التواء کے سبب تاخیر
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عدالت کی جانب سے غیر زرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن پر حکم التواء کو ہٹائے جانے کے بعد رجسٹریشن کا عمل شروع کریں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت غیر زرعی اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے پوری طرح تیار ہے۔ حکومت اس ضمن میں عدالت کے اٹھائے گئے اُمور پر وضاحت پیش کرچکی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ چونکہ اس خصوص میں مقدمہ کی سماعت 23 نومبر کو مقرر ہے لہذا عہدیداروں کو 25 نومبر سے رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیئے۔ حکام نے پیشگی طور پر ریاست بھر میں مواضعات ، ٹاؤنس اور شہری علاقوں میں جائیدادوں کی قیمتوںکا تعین کررکھا ہے اور کسی کو بھی ان قیمتوں میں تبدیلی کا اختیار نہیں ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے 23 نومبر سے غیر زرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن کے آغاز کا اعلان کیا تھا لیکن ہائی کورٹ کے حکم التواء کے پیش نظر اس میں تاخیر کا امکان ہے۔