آدھار اور کاسٹ کی تفصیلات پر ہائی کورٹ میں چیلنج، عبوری احکامات میں توسیع
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے دھرانی پورٹل پر غیر زرعی اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن پر 8 ڈسمبر تک حکم التواء جاری کیا ہے ۔ رجسٹریشن کے سلسلہ میں مالک جائیداد سے آدھار اور کاسٹ سے متعلق تفصیلات طلب کرنے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ۔ ہائی کورٹ کے عبوری احکامات کے نتیجہ میں غیر زرعی اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن پر 8 ڈسمبر تک روک لگ چکی ہے۔ سینئر کونسل ڈی پرکاش ریڈی نے مالک جائیداد کی نجی تفصیلات طلب کئے جانے کی مخالفت کی ۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل پر رجسٹریشن کیلئے اس طرح کی تفصیلات طلب کرنا غیر ضروری ہے۔ حکومت نے کسی قانون سازی کے بغیر یہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جائیدادوںکی تفصیلات کے رجسٹریشن کے دوران عہدیداروں نے غلطیاں سرزد کیں تو پھر عوام اس کی یکسوئی کیلئے کہاں رجوع ہوں گے۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے استدلال پیش کیا کہ تفصیلات کے حصول کیلئے علحدہ قانون سازی کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جائیدادوں اور اراضیات کی فروخت کے سلسلہ میں بے قاعدگیوں کو روکنے میں یہ تفصیلات کارگر ثابت ہوں گی اور حکومت نے اچھی نیت کے ساتھ یہ فیصلہ کیا ہے ۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان نے کہا کہ حکومت کی نیت کا کریمنل کیسس میں جائزہ لیا جاسکتا ہے اور یہ کوئی کریمنل کیس نہیں ہے بلکہ قانون سے متعلق مسئلہ ہے۔ عدالت نے 8 ڈسمبر تک سماعت کو ملتوی کرتے ہوئے اپنے حکم التواء میں توسیع کی ہے ۔