ریاستی وزیر سرینواس یادو کا جائزہ اجلاس، غیر مقامی ورکرس کو شیلٹرس میں منتقل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔ 24 اپریل (سیاست نیوز) کورونا لاک ڈائون کے دوران عوام بالخصوص غریبوں کی مدد کے اقدامات کے سلسلہ میں ریاستی وزراء ٹی سرینواس یادو اور محمد محمود علی نے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ لاک ڈائون کے دوران غریبوں کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کی جائے اور انہیں ہر طرح سے مدد فراہم کریں۔ سرینواس یادو نے بتایا کہ غریبوں کی مدد کے لیے چیف منسٹر کے سی آر نے چاول اور رقم کی تقسیم کا اعلان کیا ہے۔ ایسے افراد جو اس پیاکیج سے محروم ہیں، انہیں مدد فراہم کرنا عہدیداروں کی ذمہ داری ہے۔ سرینواس یادو نے کورونا کے انسداد کے اقدامات کے علاوہ چاول کی تقسیم اور غیر مقامی ورکرس کے مسائل پر ارکان پارلیمنٹ، ارکان مقننہ، میئر حیدرآباد اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں لاک ڈائون کے دوران درپیش مختلف مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ عوامی نمائندوں نے سفید راشن کارڈ سے محروم افراد کو چاول اور امدادی رقم فراہم کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ غیر مقامی ورکرس میں چاول کی تقسیم کی عہدیداروں کو نگرانی کرنی چاہئے۔ جی ایچ ایم سی کے ذریعہ گریٹر حیدرآباد حدود میں غریبوں اور ورکرس میں غذائی پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے۔ رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے تقسیم کی صورت میں سماجی فاصلے کی برقراری ممکن نہیں ہے۔ ہر شخص اپنی مرضی کے مطابق سڑکوں پر نکل رہا ہے جس کے نتیجہ میں ہجوم جمع ہونے کا اندیشہ ہے۔ ہجوم کی صورت میں کورونا کے پھیلائو کا خطرہ محسوس کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی نے غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے تقسیم پر روک لگادی۔ وزراء نے عہدیداروں سے کہا کہ سڑکوں پر قیام کرنے والے افراد کو قریبی علاقوں میں شیلٹر ہومس منتقل کیا جائے۔ فنکشن ہالس اور سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کو شیلٹر ہوم کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ شیلٹر منتقل کئے جانے والے افراد کو جی ایچ ایم سی کی جانب سے غذائی پیاکٹس تقسیم کئے جائیں گے۔ میڈیکل ٹیموں کے ذریعہ ایسے افراد کا طبی معائنہ کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون سے فائدہ اٹھاکر جی ایچ ایم سی سڑکوں کی تعمیر کے کام میں مصروف ہے۔ عوامی نمائندوں کو چاہئے کہ وہ ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں۔ ریاستی وزراء محمود علی، ملا ریڈی، رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی، میئر بی رام موہن اور دوسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔
