غریبوںکی امدادمیں حکومت ناکام، کلکٹر حیدرآباد کو کانگریس کا مکتوب
حیدرآباد ۔23 اپریل(سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں لاک ڈاون سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے سلسلہ میں کلکٹر حیدرآباد شویتا موہنتی کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی ٹاسک فورس کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی ، کنوینر جی نرنجن اور صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو نے اپنے مکتوب میں لاک ڈاون سے متاثرہ غریب خاندانوں کی ابتر صورتحال سے واقف کروایا ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروباری ، ٹھیلہ بنڈی راں ، آٹو اور کیاب ڈرائیورس کے علاوہ میکانک ، تعمیری مزدور اورمختلف فیکٹریز میں کام کرنے والے ملازمین روزگار سے محروم ہوچکے ہیں۔ روزانہ کمائی کرنے والے یہ افراد اپنے خاندان کے گزر بسر سے قاصر ہیں۔ حکومت نے سفید راشن کارڈس ہولڈرس کیلئے 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے کا اعلان کیا ۔ گزشتہ ایک ماہ سے ایسے خاندان جن کے پاس راشن کارڈ نہیں، معاشی پریشانیوں کے نتیجہ میں فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ راشن کی دکانوں پر طویل قطاروں کے باوجود چاول سربراہ نہیں کیا گیا ۔ کانگریس قائدین نے راشن کارڈ کے لئے درخواست داخل کرنے والے خاندانوں کو ہی چاول اور امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع کرنے کے بجائے راشن شاپ پر نقد رقم حوالے کی جائے۔ وزیراعظم کی جانب سے پانچ کیلو چاول اور ایک کیلو دال کا اعلان کیا گیا تھا۔ تلنگانہ میں اس کی تقسیم ہونی چاہئے ۔ کانگریس قائدین نے غیر مقامی ورکرس کے تحفظ کیلئے کیمپس قائم کرنے کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے سماجی اور رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے ریلیف کے کاموں پر روک لگانے کی مخالفت کی اور کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ریلیف کے سلسلہ میں اجازت نامے منسوخ کرنے سے گریز کرنا چاہئے ۔