غیر قانونی تارکین وطن کو روکنے انگلش چینل میں جنگی بیڑہ تعینات کرنے کا فیصلہ

   

= وزیر داخلہ ساجد جاوید کی جانب سے تارکین وطن بحران حل میں مدد کی اپیل کے بعد مثبت بیان
= گزشتہ سال نومبر سے اب تک 239 تارکین چینل کے سہارے برطانیہ میں داخل ہوئے

لندن، 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی بحریہ کے ایچ ایم ایس گشتی جنگی بیڑہ کو آبنائے آف ڈوور میں تعینات کیا جائے گا تاکہ فرانس سے انگلش چینل کے ذریعے برطانیہ میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن کو روکنے میں مدد کی جا سکے ۔ برطانیہ کے وزیر دفاع گیون ولیمسن نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔انہوں نے ایک بیان میں کہا‘‘میں اس بات کی تصدیق کرتا ہوں کہ ایچ ایم ایس گشتی جنگی بیڑہ کو آبنائے آف ڈوور میں تعینات کیا جائے گا تاکہ برطانوی سر حدی فورس اور فرانس کے حکام کی غیر قانونی تارکین وطن کو روکنے میں مدد کی جا سکے ’’۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ایچ ایم ایس گشتی جنگی بیڑہ کے عملے کے ارکان کو فوری طور پر اپنی ڈیوٹی چھوڑ کر تارکین وطن کو انگلش چینل پار کرنے کے خطرناک کام سے روکنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔مسٹر ولیمسن کا یہ بیان وزیر داخلہ ساجد جاوید کی جانب سے تارکین وطن بحران کے حل میں مدد کی اپیل کے بعد آیا ہے ۔ مسٹر جاوید نے اس ہفتے کے آغاز میں فرانس کے وزیر داخلہ کرسٹوفر کاسٹنر کے ساتھ غیر قانونی تارکین وطن کے مسئلے کو مشترکہ طور پر حل کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ ہر سال فرانس کے کیلس علاقے سے بڑی تعداد میں لوگ انگلش چینل کے سہارے برطانیہ میں داخل ہوتے ہیں جہاں ان کے لئے عارضی کیمپ بنا ہوا ہے ۔ صرف نومبر سے اب تک برطانیہ میں 239 تارکین چینل کے سہارے برطانیہ میں داخل ہو چکے ہیں۔